فلسطینی وزارت اموراسیران نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل کی چار بڑی جیلوں میں زیرحراست سیکڑوں فلسطینی قیدی آج منگل کوعام بھوک ہڑتال اور احتجاج کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزارت اسیران کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں "نفحہ”، "ریمون”، "ایچل” اور "عسقلان” سے اپنے وکلاء کے ذریعے بتایا ہے کہ وہ آج منگل کو اپنے حقوق کے حق میں بھوک ہڑتال کریں گے۔
اسیران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ظالم انتظامیہ نے اسیران سے انکے تمام جائز حقوق بھی سلب کر رکھے ہیں۔ جیلوں میں محروس فلسطینیوں کی معاشی حالت بھی نا گفتہ بہ ہے۔ اسیران کو بلا جواز قید تنہائی جیسی ظالمانہ سزاؤں کا سامنا ہے۔
اسرائیلی جیلوں میں زیرحراست فلسطینی شہریوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور زندہ ضمیر لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے حقوق کے لیے اٹھائی جانے والی آواز میں ان کے ساتھ تعاون کریں اور ان کے جائز مطالبات کو پوری دنیا کے ایوانوں تک پہنچایا جائے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

