اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد سے زمینی جبکہ مغربی ساحل پر صہیونی بحریہ نے حملہ کر دیا ہے۔
ذرائع نے ”مرکز اطلاعات فلسطین” کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد غزہ کے جنوبی شہر خان یونس کے مشرقی علاقے کسوفیم کی قریبی سکیورٹی باڑ پر جمع ہوئی اور اس نے فلسطینی زرعی اراضی اور رہائشی مکانات پر فائرنگ کرنا شروع کردی، القرارہ اور دیرالبلح کے علاقوں میں کی گئی اس فائرنگ سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔
دوسری جانب غزہ کے مغربی ساحل پر صہیونی بحریہ کی جنگی کشتیوں نے خان یونس شہر کے ساحل کے قریب موجود فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیوں پر فائرنگ کرکے مچھلیوں کے شکار میں مصروف ان ماہی گیروں کو واپسی کی راہ لینے پر مجبور کردیا۔ بحریہ کی جانب سے کی گئی اس کارروائی میں فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کی گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی اس فائرنگ کی زد میں آکر زخمی نہیں ہوا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
