اسرائیلی فوج نے ٹینکوں کی بڑی تعداد کے ساتھ فلسطینی شہر غزہ کے وسط میں حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں شہری املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج نے منگل کے روز ٹینک غزہ کی پٹی میں داخل کرنے کے بعد شہر میں حجر الدیک، المغازی اور البریج مہاجر کیمپوں پر گولے برسائے۔ کئی گولے فلسطینیوں کے زیرکاشت کھیتوں میں گرے جبکہ فلسطینوں کے گھروں پر گولے گرنے سے کئی مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ فصلیں بھی تباہ ہوئی ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے غزہ کے وسط میں "لاؤ” راکٹ بھی داغے تاہم ان سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہواہے۔ گولہ باری کے باعث فلسطینی کسانوں کی بڑی تعداد کو اپنےکھیتوں میں کام چھوڑ کر گھروں میں پناہ حاصل کرنا پڑی ہے۔ ٹینکوں کی گولہ باری کےدوران صہیونی فوج کے بغیر پائلٹ جاسوس طیارے بھی مسلسل محو پرواز رہے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
