(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے مشرقی غزہ کی پٹی میں”وادی غزہ ” نامی ڈیم کے”سپل وے” کھول دیے جس کے نتیجے میں مشرقی غزہ کے کئی دیہات زیرآب آگئے ہیں۔ فلسطینیوں کے مکانات پانی ڈوبنے کے علاوہ بڑے پیمانے پرفصلیں بھی تباہ ہوئی ہیں۔
فلسطینی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ صہیونی حکام نے سوموار کے روز بغیر کسی پیشگی اطلاع کے وادی غزہ ڈیم کے سپل وے کھول دیے، جس کے نتیجے میں پانی کے کئی ریلے مشرقی رفح کے علاقوں میں داخل ہونے سے بڑے پیمانے پر فصلات اور مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔خیال رہے کہ صہیونی حکام کی جانب سے حالیہ بارشوں اور برف باری کے بعد غزہ کے قریب واقع متعدد ڈیموں کا پانی پہلے بھی کھولا گیا ہے جس نے فلسطینی شہریوں کو غیرمعمولی نقصان پہنچایا۔
غزہ حکام نے اطلاع ملتے ہی ہنگامی بنیادوں پرامدادی کارروائیاں شروع کردیں اور پانی میں پھنسے شہریوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنا شروع کردیا گیا تھا۔
