اسرائیلی سرکاری ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ فوج نے پانچ روز قبل مغربی کنارے کی فضاء میں ایک نامعلوم جاسوس طیارہ مار گرانے کے بعد شمالی فلسطین کے شہر حیفا میں زمین سے فضاء میں مار کرنے والے پیٹریاٹ میزائل نصب کردیے ہیں۔
اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق فوج نے حیفا میں کسی بھی فضائی خطرے کے انسداد کی پیشگی وارننگ کے لیے پیٹرایاٹ بیٹریاں پہلے ہی نصب کردی تھیں، اب اس کے بعد پیٹریاٹ میزائل نصب کیے جا رہے ہیں جو کسی سمت سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی صورت میں خود طریقے سے حرکت میں آئیں گے۔
ریڈیو رپورٹ کے مطابق فوج کو ایسی مصدقہ اطلاعات ملی ہیں کہ حال ہی میں گرائے گئے جاسوس طیارے کے بعد دشمن کی طرف سے مزید جاسوس طیارے بھی اسرائیلی فضاء میں داخل کئے جاسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے انکشاف کیا تھا کہ فضائیہ نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں جبل خلیل کے مقام پر ایک جاسوس طیارہ مار گرایا ہے، تاہم اس جاسوس طیارے کے بارے میں یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آیا اسے کہاں سے اور کس نے روانہ کیا تھا۔ اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ نامعلوم جاسوس طیارے میں ایران یا حزب اللہ ملوث ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
