جمہوریت پسندی کے دعویدار اسرائیلی حکام کی جانب سے فلسطینی اراکین پارلیمان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ روز القدس سے تعلق رکھنے والے دو رکن پارلیمان محمد طوطح اور سابق وزیر ابو عرفہ کی گرفتاری کے بعد آج اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے رکن پارلیمان عبد الجبار فقھاء کو بھی حراست میں لے لیا۔
ان کی گرفتاری کے ساتھ ہی صہیونی عقوبت خانوں میں فلسطینی اراکین پارلیمان کی تعداد چھبیس ہو گئی ہے۔
فقھاء کی بیوی ام مصطفی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد رات پونے دو بجے ان کے گھر میں داخل ہوئے اور سارے گھر کی تلاشی لینا شروع کر دی اور واپسی پر فقھاء کو بھی گرفتار کر لیا، اس دوران فقھاء کی اہم دستاویز اور کمپیوٹر اور ان کے بیٹے کا موبائل فوج نےاپنے قبضے میں لے لیا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت نے گزشتہ برس فروری میں فقھاء کو رہا کیا تھا۔ انہیں رکن پارلیمان منتخب ہونے کے بعد تیسری مرتبہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سات روز کے دوران اسرائیل چار اراکین پارلیمان اور ایک سابق وزیر کو گرفتار کر چکا ہے۔ رکن پارلیمان محمد طوطح اور سابق وزیر خالد ابو عرفہ کو گزشتہ روز اس وقت القدس سے گرفتار کیا گیا جب وہ اپنی القدس بدری کے احکامات کے خلاف 579 یوم سے مسلسل ریڈ کراس کے ہیڈ کوارٹر کے سامنےاحتجاجی دھرنا دیے بیٹھے تھے۔

