غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی شہری کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے صہیونی فوج کے حوالے سے بتایا ہےکہ مشرقی خان یونس میں ایک فلسطینی کو اس وقت گولیاں ماری گئیں جب وہ سرحدی باڑ عبور کرکے اندر داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا۔مقامی فلسطینی ذرائع نے شہید فلسطینی کی شناخت رمزی النجار کے نام سے کی ہے جس کا تعلق خان یونس سے ہے۔
خیال رہے کہ 30 مارچ سے غزہ کی مشرقی سرحد پر جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کے وحشیانہ تشدد سے 125 فلسطینی شہید اور 13 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔