اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل کی یہودی بستی ’’غوش عتصیون‘‘ کے قریب سے گزرنے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ادھر غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں بھی صہیونی فائرنگ کی زد میں آکر ایک فلسطینی زخمی ہوا۔
مغربی کنارے کی میڈیکل سروسز کے مطابق سترہ سالہ صلاح نضال الزغیر کے پیٹ میں گولیاں لگیں ہیں جس کی حالت نازک ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے اس پر ایک غاصب یہودی پر خنجر کے وار کرنے کے شبہ میں فائرنگ کھولنے کا دعوی کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے الخلیل اور بیت لحم کے درمیانی راستے کو بند کردیا ہے۔ زخمی ہونے والے نوجوان کو ’’ھداسا‘‘ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر اگرچہ اس نوجوان کی شہادت کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم اس کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں بھی اسرائیلی فوج نے ایک بائیس سالہ نوجوان وحید ابوزر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ ابو زر کی ٹانگ میں گولی لگی۔ ذرائع کے مطابق کوسفیم عسکری ٹاور کے قریب موجود اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے غزہ کی سرحد میں داخل ہوکر فلسطینی گھروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کی زد میں آکر ابوزر زخمی ہوگیا۔ خیال رہے کہ خان یونس کے اس علاقے میں اسرائیلی فوج آئے روز غزہ کی سرحد میں گھس کر فلسطینیوں پر حملے کرتی رہتی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین