قابض اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے جمعرات کو علی الصباح غزہ کے مشرق اور وسط میں دو الگ الگ مقامات پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ دونوں مقامات پر فلسطینی مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق جمعرات کو علی الصباح اسرائیلی فوج کے ایک گن شپ ہیلی کاپٹر نے مشرقی غزہ کے الدرہ اسپتال کے قریب اسلامی تحریک مزاحمت حماس کےعسکری بازو القسام بریگیڈ کے ایک ٹھکانے پر گولہ باری کی، جس کے کچھ ہی دیربعد اسرائیلی طیاروں نے بھی اس مقام پر میزائل داغا جس کے نتیجے میں کم سے کم چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں مقامی اسپتال کی ایک نرس بھی شامل ہے۔
ادھرغزہ کے وسط میں النصیرات کے مقام پر دھماکے ہوئے ہیں، جن میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہےتاہم دھماکوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکے اسرائیلی جنگی جہازوں کے داغے گئے میزائلوں سے ہوئے ہیں۔ جنہوں نے ایک مزاحمتی تنظیم کے مرکز کونشانہ بنایا تھا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

