رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فورسز نے فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں الجلزون پناہ گزین کیمپ میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید اور تین کو زخمی کر دیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں ایک فلسطینی شہری کی صہیونی فوج کی فائرنگ میں شہادت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات کی شام مشرقی رام اللہ میں واقع الجلزون پناہ گزین کیمپ میں پیش آیا۔اسرائیلی فوج نے حسب معمول فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کا جواز تراشنے کے لیے اس کی طرف سے فائرنگ کا دعویٰ کیا ہے۔ قابض فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چار فلسطینی نوجوانوں نے بیت ایل کالونی کے قریب فوجیوں پر سنگ باری کے ساتھ فائرنگ بھی کی تھی جس پران کے خلاف گولی چلائی گئی۔
عینی شاہدین نے صہیونی فوجیوں پر سنگ باری کے واقعے کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے ایک کار میں سوار چار فلسطینی نوجوانوں پر ایک فوجی کنٹرول ٹاور سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی موقع پر ہی دم توڑ گیا اور تین زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والے فلسطینیوں میں ایک زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔ شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی عمریں 17 سے 20 سال کے درمیان ہیں۔