غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکام نے بلا جواز انتظامی حراست کے دو ہفتوں سے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی شہری عمار حمور کو انتقامی پالیسی کے تحت جزیرہ نما النقب کی جیل سے ’عسقلان‘ جیل منتقل کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ 28 سالہ اسیر عمار حمور 16 دن سے مسلسل بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔ اسرائیلی جیل انتظامیہ نے انتقامی کارروائی کے تحت انہیں جزیرہ نما النقب کی جیل سے عسقلان جیل منتقل کردیا ہے۔اسیر الحمور کے اہل خانہ نے بتایا کہ اسیر الحمور دو ہفتوں سے زاید دنوں سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک ہفتہ قبل انہیں جزیرہ نما النقب کی جیل میں قید تنہائی میں ڈال دیا گیا تھا۔ اب اسیر کو عسقلان جیل میں ڈالا گیا ہے جہاں یہ معلوم نہیں کہ اسیر کس حال میں ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ الحمور کی حالت کافی خراب ہے اور وہ بلند فشار خون کا بھی شکار ہیں۔