اسرائیلی فوج کے خصوصی یونٹ کے اہلکاروں نے خونخوار کتوں کے ہمراہ 48ء کے مقبوضہ فلسطین کے علاقےصحرائے نقب کی جیل پر دھاوا بول کر فلسطینی اسیران کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
صہیونی اہلکاروں نے تمام قیدیوں کو ہاتھ اور پاؤں باندھ کر بیرکوں سے باہرنکال کر ان سے گھنٹوں تفتیش کی۔
خبر رساں ایجنسی ’’قدس پریس‘‘ کے مطابق قابض صہیونی سکیورٹی فورسز کے خصوصی یونٹ نے منگل کی شام جیل کی بیرک نمبر سات پر حملہ کر کے فلسطینی اسیران کو زدوکوب کیا ہے۔ ایجنسی نے رام اللہ حکومت میں اسیران امور کے وزیر کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی اہلکاروں نے قیدیوں کو گھنٹوں سخت سردی میں کھڑا کیے رکھا۔
صہیونی تفتیش کار شام سات بجے سے صبح تین بجے تک قیدیوں کو زدوکوب کرتے رہے اس دوران کسی بھی قیدی کو کچھ کھانے پینے یا قضائے حاجت کرنے تک کی اجازت نہیں دی گئی۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی اسیران کے ساتھ یہ بدسلوکی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کے قریب واقع اسرائیلی جیل عوفر میں ایک فلسطین اسیر شیخ خضر عدنان چھیاسٹھ روز سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
اسرائیلی حکام نے رات پر تفتیشی مراحل سے گزارنے کے بعد بدھ کی صبح نقب جیل سے 120 قیدیوں کو مقبوضہ فلسطین کے کسی نامعلوم جنوبی علاقے کی جانب منتقل کر دیا ہے۔ اس دوران کسی قیدی کو اپنی ضرورت کا کوئی سامان ساتھ لے جانےکی اجازت نہیں دی گئی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

