اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر نابلس کے نواحی گاؤں قصرہ پر حملہ کرکے گاؤں میں فلسطینیوں کے درجنوں زیتون کے درخت اکھاڑ پھینکے
اور ان پر قبضہ کر لیا۔ گاؤں کی دیہی کونسل کے سربراہ عبد العظیم کے مطابق فوجیوں کے ہمراہ اسرائیلی پلاننگ اینڈ بلڈنگ کمیٹی کے اہلکار بھی موجود تھے۔
خبر رساں ایجنسی ’’قدس پریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے عبد العظیم نے بتایا کہ یہ حملہ اسرائیلی نام نہاد پلاننگ اینڈ بلڈنگ کمیٹی اور فوج کی ملی بھگت سے کیا گیا، اس جارحیت کے دوران فلسطینی شہری صقر شحادہ عودہ نامی شخص کے تیس زیتون کے درخت اکھاڑ دیے گئے۔ دیہی کونسل کے سربراہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکام نے اکھاڑے گئے درختوں اور چھوٹی نرسریوں پر قبضہ بھی کرلیا۔ عبد العظیم نے کہا کہ اسرائیلی فوج کا دعوی کہ یہ علاقہ ریاست اسرائیل کے زیرملکیت ہے درست نہیں۔ گزشتہ بیس سے زائد سالوں سے یہاں یہ اراضی فلسطینیوں کے استعمال میں ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
