فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں جمعہ کے روز فلسطینی شہریوں کے ہفتہ وار احتجاجی جلوس پراسرائیلی فوجیوں نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں تین کم عمر بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد فلسطینی شہریوں کی بڑی تعداد رام اللہ کی مساجد سے ریلیوں کی شکل میں نکلی اور نعلین کےمقام پرایک بڑے جلوس کی شکل اختیار کرلی۔ قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
صہیونی فوجیوں نے ایک زخمی فلسطینی شہری کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے صہیونی فوج کی منظم ریاستی دہشت گردی، یہودی آباد کاری اور دیوار فاصل کو توسیع دینے کے منصوبوں کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
