قابض اسرائیل کے سادہ کپڑوں میں ملبوس فوجیوں نے جنین شہر کے قلب میں سے تین فلسطینی نوجوانوں کو گھروں سے اغوا کرلیا اور فوجی حفاظت میں وہاں سے نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔
مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کے عرب یونٹس کے نقاب پوش خفیہ اہلکار ایک سفید گاڑی میں سوار ہو کر علاقے میں داخل ہوئے۔ ان اہلکاروں نے تین گھروں پر دھاوا بول دیا اور ان کے رہائشی تین فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
ان نوجوانوں کی شناخت کچھ اس طرح ہے: 22 سالہ منیر جرار، 22 سالہ ایبک ابو علی اور 28 سالہ اشرف ابراہیم۔ اسرائیلی فوج کی گاڑیاں جنین کے کچھ داخلی راستوں خصوصا صبح الخیر اور حیفہ سٹریٹ کے علاقوں میں دیکھی گئی تھیں جو کہ اس اغوا کے آپریشن کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے تعینات کی گئی تھیں۔
اس کے علاوہ دوسرے واقعات میں قابض اسرائیلی فوج نے الخلیل، بیت لحم، قلقلیہ، جنین اور رام اللہ کے مختلف علاقوں میں پرتشدد کارروایوں کے دوران 12 فلسطینیوں کو اغوا کرلیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
