قابض اسرائیلی فوج نے الخلیل میں ایک سکول پر دھاوا بول دیا اور اس کے علاوہ فوار مہاجر کیمپ کے نزدیک دو فلسطینی گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ درجنوں اسرائیلی فوجی الخلیل کے متنابی سکول میں داخل ہوگئے اور تھوڑی دیر ٹھہرنے کے بعد بغیر کوئی وجہ بتائے واپس چلے گئے۔دریں اثناء عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا ہے کہ قابض فوج نے بغیر کوئی وجہ بتائے فوار مہاجر کیمپ کے داخلی راستے سے فلسطینی شہریوں کی ملکیتی دو گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فوجیوں نے یعبد گائوں میں گائوں کی زمینوں پر تین ٹینٹ لگا دئیے اور ہر کسی کو قریب آنے سے روک دیا۔
مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا کہ فوجیوں نے گائوں کی زمین کے تین دونم رقبے کو فوجی بیرکوں میں تبدیل کردیا اور کسانوں کو یہ کہہ کر آںے سے منع کردیا کہ وہ علاقہ فوجی زون میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
قابض اسرائیلی فوج نے پچھلے تین ماہ کے دوران یعبد میں فلسطینی نوجوانوں کے پتھرائو کو روکنے کی آڑ میں متعدد گھروں پر قبضہ، یہاں کے 70 نوجوانوں کو گرفتار اور زیتون کے کئی درختوں کو کاٹ کر پھینک کرچکے ہیں۔
