قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں فجار کے مقام پر قائم ایک مقامی فلسطینی ماربل فیکٹری بلڈوزروں کی مدد سے مسمار کردی ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فوج نے سوموار کے روز جنوبی بیت لحم میں موجود مقامی فلسطینی شہریوں کی ایک ماربل فیکٹری پر حملہ کیا اور وہاں پر موجود تمام ملازمین کو نکال دیا گیا۔ بعد ازاں فیکٹری کا ایک حصہ بلڈوزر کے ذریعے مسمار کردیا۔
صہیونی فوج نے پتھر کاٹنے والی مشینیں بھی قبضے میں لے لیں۔ صہیونی فوجی کارروائی کے خلاف مقامی شہریوں نے احتجاج کیا تو قابض فوج نے مظاہرین پر فائرنگ کی تاہم اس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔
ذرائع کے مطابق مسمار کی گئی فیکٹری عبدالطویل نامی شہری کی ملکیت بتائی جاتی ہے۔ ماضی میں بھی اسرائیلی فوج اس فیکٹری پر حملے کرتی رہی ہے۔
