اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کر کے چھ فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسرائیلی فوجی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے رات گئے نابلس، جنین، رام اللہ اور الخلیل کے علاقوں میں آپریشنز کیے، پکڑے گئے افراد میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
نابلس کے مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد نے علی الصبح شہر کی مغربی علاقوں پر حملہ کیا اور امانی الخندقجی اور ان کے بھائی ’’فلسطینی پیپلز پارٹی‘‘ کی مرکزی کمیٹی کے رکن باسم الخندقجی کو گرفتار کر لیا۔
دوبھائیوں کے والد محمد الخندقجی نے خبر رساں ایجنسی’’قدس پریس‘‘ کو بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے زواتا کے علاقے میں واقع ان کے گھر کا گھیراؤ کیا اور پھر اندر گھس کر بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی۔ فوجی اہلکاروں نے باسم الخندقجی کا کمپیوٹر بھی قبضہ میں لے لیا۔
الخلیل سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے یہاںسے 32 سالہ عطاء السعدہ کو بلدہ سعیر کے علاقے سے گرفتار کیا اور نامعلوم مقام منتقل کر دیا ہے۔ سعیر اور حلحول کے علاقوں پر بھی اسرائیلی فوج نے دھاوے بولے اور شہریوں کو زد و کوب کیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

