اسرائیلی فوج کے خصوصی یونٹ کے ایک گروپ نے قبلہ اول اور حرم ثالث مسجد اقصی کی صحن میں تین میٹر بلند صہیونی پرچم بلند کردیا۔ مسجد اقصی کے باب الرحمہ کے سامنے اسرائیلی پرچم لگانے کا مقصد مسجد اقصی کی یادگاری تصاویر لینا ہے۔
القدس کے اوقاف اسلامیہ کے ڈائریکٹر عزام الخطیب کے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو موصول ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج کے خصوصی یونٹ کے 160 اہلکاروں نے مسجد پر دھاوا بولا اور الرحمہ دروازے پر صہیونی پرچم لہرا دیا جس سے مسجد اقصی کے صحن میں کشیدگی بڑھ گئی، اس موقع پر فلسطینی سخت مشتعل ہوگئے۔ اوقاف اسلامیہ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ مسجد کے گارڈ نے اسرائیلی فوجی اہلکاروں کو فوری پرچم کو اتارنے کا کہا تاہم صہیونی اہلکاروں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا اور اس گارڈ کے چہرے پر تھپڑ بھی رسید کردیا۔ خیال رہے کہ سنہ 1967ء میں مشرقی القدس پر قبضے کے بعد سے پہلی مرتبہ مسجد اقصی کے صحن میں یہودی پرچم لہرایا گیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

