مسجد اقصیٰ میں جمعہ کے روز اسرائیلی فوج، پولیس اور صہیونی خفیہ اداروں کے اہلکاروں اور فلسطینی نمازیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کے قبضے کے بعد پہلی مرتبہ اسرائیلی فوج نے مسجد کی چھت پرچڑھ کر اس کی بے حرمتی کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کو علی الصبح ہی سے فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کےدرمیان بیت المقدس میں جگہ جگہ جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔ اسرائیلی فوج اور پولیس نے مسجداقصیٰ کی جانب جانے والے تمام راستوں کی سخت ناکہ بندی کر کے شہریوں کو قبلہ اول تک جانے سے روک دیا تھا۔ اس کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی صہیونی فوج سے لڑتے ہوئے مسجد اقصیٰ پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔
نماز جمعہ کے بعد مسجد اقصیٰ کے باہر یہودیوں کی قبلہ اول کے خلاف ریشہ دوانیوں اور مسلمانوں کے مقدس مقام کی مسلسل بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا تھا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے قابض فوج نے مسجد کے تمام خارجی دروازوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے تھے، جو نمازیوں کو مسجد سے نکلتے ہی گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسرائیلی فوج نے جب مظاہرین کو احتجاج سے روکا تو فلسطینیوں نے اشتعال میں آ کر وہیں اسرائیل کےخلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ اسرائیلی فوج اور پولیس نے ان پر اشک آورگیس کے شیل پھینکے اور ربڑ کی گولیاں چلائیں، جس کے جواب میں مظاہرین نے بھی یہودی فوج پر پتھراؤ کیا۔ فلسطینیوں کے پتھراؤ کے بعد اسرائیلی فوج پیچھے ہٹ گئی تاہم فلسطینی مظاہرین کا تعاقب جاری رکھا۔
ادھر مسجد اقصیٰ کی تعمیر و مرمت کی ذمہ دار تنظیم اقصیٰ فاؤنڈیشن کے مطابق اسرائیلی پولیس نماز جمعہ کے بعد سیدھی اندر داخل ہو گئی شہریوں کو نماز کی ادائیگی کے دوران گھسیٹنا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ مسجد کے باہرسڑکوں اور گلیوں میں بھی فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہی۔ کئی مقامات پراسرائیلی فوج نمازیوں کو سڑکوں پر گھسیٹتی اور ان پرتشدد کرتی رہی۔
اقصیٰ فاؤنڈیشن کے میڈیا انچارج محمود ابو عطاء نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نماز جمعہ کے بعد مسجد اقصیٰ کے اندر داخل ہوگئی اور نمازیوں کا تعاقب کرتے ہوئےمسجد کی چھت پر چڑھ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے سنہ 1967ء کی عرب اسرائیل چھ روزہ جنگ کے بعد جب سے قبلہ اول پر قبضہ کیا ہے اس کے بعد سے آج تک صہیونی فوج کو مسجد کی چھت پر چڑھنے کی جرات نہیں ہو سکی لیکن آج ناپاک فوج قبلہ اول کی چھت پر بھی چڑھ گئی ہے جو ایک نہایت خطرناک اشارہ ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

