قابض اسرائیلی فوج نے فلسطینی رکن قانون ساز کونسل محمد طلق ابو جحیشہ کے مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں مکان کی دیواریں پھلانگ کر چھاپہ مارا اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو زد و
کوب کیا۔
فلسطینی رکن اسمبلی ابو جحیشہ نے "مرکز اطلاعات فلسطین” کے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی فوجیوں کی بڑی تعداد نے اتوار کو مغربی الخلیل میں اذنا کے مقام پر ان کے گھر میں داخل ہو کر نہ صرف چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا بلکہ کی قیمتی چیزوں کی بھی توڑ پھوڑ کی۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی فوجی گھرکی جامہ تلاشی لینے کے بعد ان کا ذاتی لیپ ٹاپ بھی ساتھ لے گئی۔ اس لیپ ٹاپ میں مکان کے اندر اور باہرلگے خفیہ کیمرے بھی مربوط کیے گئے تھے۔
فلسطینی رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ چند روز قبل الخلیل میں ایک اسرائیلی فوجی افسر کی ہلاکت اور چار اہلکاروں کے فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد عام شہریوں کے گھروں کی تلاشی صہیونی فوج کا معمول بن گئی ہے۔ تلاشی کی آڑ میں غنڈہ گرد یہودی فوجی فلسطینیوں کے گھروں کی چادر اور چار دیواری کے تقدس کا بھی خیال نہیں کرتے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
