مقبوضہ بیت المقدس کے نواحی علاقے ابو دیس میں فلسطینی طالب علموں اور قابض اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
بیت المقدس سے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز ہونے والی یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب اسرائیلی فوجیوں نے بلا اشتعال ابودیس میں لڑکے اور لڑکیوں کے ہائی سکول پر اشک آور گیس کے شیل فائر کرنا شروع کر دیئے۔ اس کارروائی میں دسیوں طلبہ زہریلی گیس کی شدت سے بے ہوش ہو گئے اور متعدد کو دم گھٹنے کی وجہ سے ہسپتال داخل کرانا پڑا۔
ذرائع کے مطابق صہیونی فوجی کی فائرنگ سے سکول کا سترہ سالہ طالب علم انس ابو ہلال پیر میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ ننھی طالبہ اسیل جمیل ابوھلال ہنگامی آرائی دیکھ کر شدید صدمے سے دوچار ہوئی۔
انہی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابو دیس میں سکول کی عمارت کے قریب واقع فلسطینیوں کے مکانات سے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔ یہ آگ بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے داغے گئے ایک شیل کے مکان پر گرنے سے لگی، تاہم آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین