فلسطین کی ایک مقامی خبر رساں ایجنسی "معا” کی جانب سے اسرائیلی فوج کے ترجمان جنرل افیخائی ادرعی کا انٹرویو کرنے پر عوامی اور ابلاغی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین پریس کلب کی جانب سے جاری ایک بیان میں "معا” کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوز ایجنسی نے دشمن فوج کے ترجمان کو اپنی دھمکیوں اور جھوٹے پروپیگنڈے کو ترویج دینے کا پلیٹ فارم مہیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "معا” نے اسرائیلی فوجی عہدیدار کا انٹرویو ایک ایسے وقت میں کیا جب غاصب صہیونی فوج نہتے فلسطینیوں کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ مسلط کیے ہوئے ہے۔ ایسے میں اسرائیلی فوج کے ترجمان کا انٹریو کرنا اور دشمن کے خیالات کی اشاعت کا موقع دینا صہیونی جنگی جرائم کو جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے۔
فلسطین پریس کلب کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ "معا” نے اسرائیلی فوجی ترجمان کا انٹرویو کر کے پیشہ ورانہ صحافتی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی اور فلسطینی قوم کی دل آزاری کی ہے۔ اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ خبر رساں ادارہ اس انٹرویو پر قوم سے معافی مانگے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز فلسطینی خبر رساں ادارے "معا” کے نامہ نگار نے اسرائیلی آرمی کے ترجمان کا ایک انٹرویو شائع کیا تھا۔ انٹرویو میں اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تین یہودی آباد کاروں کی تلاش کی آڑ میں فوج ہر ضروری قدم اٹھانے کو تیار ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
