فلسطینی سیکیورٹی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ جمعرات کے روز غزہ کی سرحد پر اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس حکام اور گشتی پارٹیوں کا ایک خفیہ اجلاس منعقد ہوا جس میں غزہ کی پٹی میں کارروائیوں اور موجودہ سیکیورٹی صورت حال پر غور کیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی "قدس پریس” کے مطابق غزہ کی سرحد پر ایک فوجی کیمپ میں اسرائیلی انٹیلی جنس حکام کا یہ پہلا اجلاس نہیں بلکہ پچھلے ایک ہفتے سے روز مرہ کی بنیاد پر یہ اجلاس جاری ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی خفیہ اداروں کے زیر استعمال سفید اور مٹیالے رنگ کی گاڑیاں روزانہ دوپہر کو فوجی افسروں کو وسطی غزہ میں حجر الدیک کے مقام پر ایک فوجی کیمپ میں لے کر آتی ہیں جہاں کئی گھنٹے تک ان کا اجلاس جاری رہتا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران غزہ کی پٹی کے حساس مقامات کے نقشے، دور بینیں اور عسکری آلات بھی ساتھ لائے جاتے ہیں۔ انٹیلی جنس حکام نقشوں کے مطابق گشتی پارٹیوں کو گشت کی ہدایات جاری کرتے ہیں۔
