(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے تعلق رکھنے والے شہید فلسطینی ابراہیم سکافی کا مکان مسمار کرنے کا حکم دیا ہے۔
خیال رہے کہ 23 سالہ ابراہیم سمیرسکافی کو یہودی فوجیوں نے 4 نومبر 2015 ء کو ایک چاقو کےحملے میں ایک یہودی فوجی کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کرنے کے الزام میں گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کے جوڈیشل بنچ نے شہید فلسطینی شہری کے اہل خانہ کی جانب سے مکان کی مسماری کے خلاف دی گئی درخواست مسترد کرتے ہوئے فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ سکافی کے گھر کو مسمار کردیں کیونکہ اس نے ایک اسرائیلی فوجی کو دانستہ طورپر ہلاک کیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے خفیہ کیمرے کی مدد سے بنائی گئی ایک فوٹیج جاری کی تھی جس میں سمیر سکافی کو اپنی گاڑی کی ٹکر اور چاقو کے وار سے دو یہودی فوجیوں پرحملہ کرتے دکھایا گیا تھا۔ اسی فوٹیج میں دکھایا گیاہے کہ موقع پر موجود دوسرے فوجیوں نے سکافی کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔
