(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی ایک مقامی عدالت نے زیرحراست دو فلسطینی اسیران کی انتظامی قید میں توسیع کی منظوری دی ہے۔ جزیرہ نما النقب کی جیل میں قید الخلیل شہر کے اسماعیل یوسف طمیزی کی مدت حراست میں تیسری بار توسیع کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طمیزی مسلسل دو بار انتظامی حراست کے تحت مجموعی طور پر 10 ماہ قید کاٹ چکے ہیں اور اب کی مدت حراست میں مزید چار ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔خیال رہے کہ اسماعیل یوسف طمیزی مجموعی طورپر سات سال اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔
ادھر فلسطینی وکیل اور کلب برائے اسیران کے مندوب احمد صفیہ نے بتایا ہے کہ اسرائیلی سپریم کورٹ نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس سے تعلق رکھنے والے اسیر کاید ابو الریش کی انتظامی حراست میں مزید توسیع نہ کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے، جس کے بعد ان کی مدت حراست میں مزید چھ ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔
کلب برائے اسیران کا کہنا ہے کہ اسیر ابو الریش 16 سال تک اسرائیل کی جیلوں میں قید رہ چکے ہیں۔ اسرائیلی حکام نے انہیں 13 جنوری 2015ء کو حراست میں لیا تھا جس کے بعد انہیں چھ ماہ کے لیے انتظامی قید میں ڈال دیا گیا۔ حال ہی میں ان کے وکیل کی جانب سے اسرائیل کی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دی تھی، جس میں الریش کی مدت حراست میں مزید توسیع نہ کرنے کی اپیل کی گئی تھی مگر عدالت نے درخواست مسترد کر دی جس کے بعد حکام کی جانب سے ان کی سزا میں چھ ماہ کی قید کی توسیع پرعمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔