(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مشرق وسطی میں امن عمل کے لئے اقوام متحدہ کے نمائدہ خصوصی نکولے مالدینوف نے متنبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ فلسطین میں صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے۔
نیکولائی میلادینوف نے ویڈیو لنک کے ذریعے مقبوضہ بیت المقدس سے گفتگو کرتے ہوئے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیر، انتظامی قید، مسلمان بستیوں پر دہشت گردانہ حملے "اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے سلامتی کونسل کوبتایا کہ اسرائیلی غیرقانونی اقدامات سے "محصور غزہ کی صورتحال روز بروز بد سے بدترین ہوتی جارہی ہے، وسائل ادویات اور طبی سامان کی کمی کی وجہ سے صحت کے شعبے کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں”
اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی نے مقبوضہ بیت المقدس میں "دولف” کے مقام تک اسرائیلی غیرقانونی بستیوں کی تعمیر کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہودی آباد کار فلسطینیوں کی املاک اور جائیداد کو مسمار کررہےہیں دوسری جانب فلسطینیوں کو اپنی عمارات کی تعمیر کی اجازت نہیں ہے جو افسوسناک اور تشویشناک ہے۔

