مقبوضہ بیت المقدس کی بلدیہ نے اتوار کی دوپہر کو بغیر لائسنس تعمیر کرنے کی پاداش میں متعدد کمرشل عمارتیں اور ایک سٹیڈیم گرانے کا حکم دے دیا ہے۔
وادی حلوہ انفارمیشن سنٹر نے بتایا ہے کہ اسرائیلی بلدیہ کی ٹیموں اور فورسز نے سلوان قصبے پر دھاوا بول دیا اور وادی حلوہ کے سٹیڈیم کو منہدم کرنے کے احکامات پہنچا دئیے۔ سنٹر نے بتایا کہ سٹیڈیم 850 سکوائر میٹر پر تعمیر کردہ ہے اور اس میں 4 کمرے ہیں۔ ان میں سے تین کمرے گھوڑوں اور ایک کمرہ کھیل کے سامان کےلئے ہے۔
وادی حلوہ کے رہائشیوں نے 2010ء کے اواخر میں سٹیڈیم تعمیر کیا تھا لیکن اس کے کچھ ماہ بعد قابض حکام نے سٹیڈیم میں قائم ایک کمرہ تباہ کردیا اور زمین کو بلڈوزر کی مدد سے ہموار کردیا تھا۔
اس کے علاوہ اسرائیلی بلدیہ کی ٹیموں نے وادی حلوہ کے مضافات میں بغیر لائسنس تعمیر کرنے پر 20 سال پہلے تعمیر شدہ 3 دکانوں کو منہدم کرنے کے احکامات پہنچا دئیے ہیں۔
وادی حلوہ انفارمیشن سنٹر نے کہا ہے کہ اسرائیلی بلدیہ کی ٹیموں نے 2001 سے تعمیر شدہ تین دکانوں کو بھی منہدم کرنے کے احکامات ان کے مالکان تک پہنچا دئیے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین