اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے عسکری ونگ ’’ القسام بریگیڈ‘‘ نے آج علی الصبح غزہ میں اپنے ایک مرکز پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں صہیونی حکمرانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے چند دنوں اس اسرائیلی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
جمعرات کے روز جاری اپنے بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی قوم پر کی جانے والی غارت گریوں پر ہاتھ باندھے بیٹھا نہیں رہا جا سکتا۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کہ یہ جان لینا چاہیے کہ قوم پر کیے جانے والے ہر حملہ اسے انجام کے قریب لے جا رہا ہے، اور ان حملوں کے ساتھ ہمارے پاس موجود اسرائیلی جرائم کی فہرست میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جن کا بھرپور جواب دیا جانا ابھی باقی ہے۔
بریگیڈ نے واضح کیا کہ پانچ سے ناجائز اور ظالمانہ محاصرے میں گھرے افراد پر حملوں سے فلسطینی مزاحمت کاروں کی برداشت ختم ہوتی جا رہی ہے بالخصوص اس وقت جب مزاحمت کاروں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ امن کی پوری پاسداری کی جا رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ دشمن کے رہنما ہمیشہ اس طرح کے حملوں کے بعدلاعلمی کا اظہار کرتے ہیں۔
القسام بریگیڈ نے زور دے کر کہا کہ بریگیڈ کے مزاحمت کار پوری فلسطینی قوم کا دفاع کرتے رہینگے، اسرائیل کی جانب سے بریگیڈ کے مراکز پر حملوں سے فلسطینی مجاہدین کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔
خیال رہے کہ چند گھنٹے پہلے اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں القسام بریگیڈ اور القدس بریگیڈ کے دو مراکز پر بمباری کی تھی جس میں چھ فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

