(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرئیلی حکام نے زیرحراست سابق فلسطینی وزیر وصفی قبہاء کی حراست میں غیرمعینہ مدت تک کے لیے توسیع کر دی ہے۔ سابق فلسطینی وزیر مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین کے مغرب میں قائم سالم نامی فوجی جیل میں قید ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وصفی قبہاء کو صہیونی فوجیوں نے 20 روز قبل حراست میں لیا تھا۔ ان پر فلسطینی اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ کئی دوسری سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا بھی الزام عاید کیا گیا ہے۔اطلاعات کے نامہ نگار نے بتایا کہ صہیونی جیل حکام نے سابق وزیر کی انتظامی حراست میں غیرمعینہ مدت کے لیے توسیع کرتے ہوئے کہا ہے جب تک ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں وہ جیل ہی میں رہیں گے۔
خیال رہے کہ وصفی قبہا پچھلی فلسطینی حکومت میں اسیران کے امور کے وزیر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کی 12 قیمتی سال اسرائیلی زندانوں میں گذارے۔