فلسطینی سنٹر برائے مطالعہ اسیران نے کہا ہے کہ اسرائیلی جیل کے محافظوں نے موبائل فون کی تلاش کے بہانے کی آڑ میں نقب جیل کے سیکشن 26 پر رات گئے چھاپہ مارا اور قیدیوں کا سامان تہس نہس کردیا۔
سنٹر نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ فوجیوں نے رات دس بجے کے قریب جب تمام قیدی سو رہے تھے اس وقت سیکشن پر دھاوا بول دیا اور انہیں زبردستی مین کوریڈور میں کھڑا کردیا۔ اس کے بعد اسرائیلی فوجی دو گھنٹوں تک ان کی کوٹھڑیوں کی تلاشی لیتے رہے جس کی وجہ سے کچھ اسیران کے ذاتی سامان کو نقصان بھی پہنچا۔
فلسطینی اسیران اپنی کوٹھڑیوں میں واپس آنے کے بعد بھی کئی گھنٹوں تک اپنا سامان ترتیب دیتے رہے اور اسرائیلی فوج کی جانب سے کی جانیوالی توڑ پھوڑ کو صحیح کرتے رہے۔
ایک اور واقعہ کے مطابق نابلس جیل میں قید فلسطینی اسیران کے عزیز و اقارب نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں قید اسیران خاص طور پر بیمار قیدیوں کو بچانے کے لئے فوری مداخلت کریں۔
یہ مطالبہ نابلس شہر میں فلسطینی قیدیوں کے حق میں ہونے والی ایک ریلی کے دوران کیا گیا ہے۔ اس ریلی کے شرکاء میں فلسطینی اسیران کے گھر والے اور عام شہری بھی شامل تھے۔ شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور وہ اسیران کے خلاف اسرائیلی مظالم پر عالمی مداخلت کے لئے نعرے بلند کر رہے تھے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
