فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکام نے 26 سالہ صحافی ادیب برکات الاطرش کو تین ماہ کے لیے انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل کردیا۔ جس کے بعد انتظامی قید کے تحت جیلوں میں ڈالے گئے فلسطینی صحافیوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
انتظامی قید کے تحت پابند سلاسل فلسطینی صحافیوں میں القدس یونیورسٹی میں ابلاغیات کے طالب علم 20 سالہ مالک القاضی بھی شامل ہیں۔ ان کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے بیت لحم شہر سے ہے اور وہ اپنی انتظامی قید کے خلاف گذشتہ چھ دن سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انتظامی حراست کے تحت قید فلسطینی صحافیوں اور قلم کاروں میں القدس کے حسن الصفدی، رام اللہ کے محمد القدومی اورالخلیل شہر کے علی العویوی اور مصعب قفیشہ بھی شامل ہیں۔