(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی جیل ’الرملہ‘ میں پابند سلاسل ایک فلسطینی اسیر یونس کوازبہ امراض کے شدت اختیار کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین میں اسیران کی بہبود کے لیے کام کرنے والے ادارے کلب برائے اسیرن کا کہنا ہے کہ یونس کوازبہ بہ یک وقت شوگر، امراض قلب، اعصابی تناؤ اور معدے کے امراض کا شکار ہیں۔جیل میں اسرائیلی انتظامیہ کی لاپرواہی کے نتیجے میں انہیں بروقت طبی امداد مہیا نہیں کی گئی، جس کے باعث جسم میں پانی کی مقدار کم ہونے کے بعد انہیں الرملہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یونس کوازبہ کے ایک بیٹے کو گذشتہ جنوری میں اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر میں گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا جب کہ ایک دوسرا بیٹا عسقلان جیل میں قید ہے۔
یونس کوازبہ کواسرائیلی فوج نے حراست میں لینے کے بعد انتظامی قید میں ڈال دیا تھا۔