اسرائیلی فوج نے منگل کےروز غزہ کی پٹی میں زرعی علاقے میں جنگی جہازوں کے ذریعے وحشیانہ گولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں فلسطینیوں کی فصلوں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی جنگی طیاروں نے منگل کی شام غزہ کے مشرقی علاقے خان یونس میں القرارہ کے مقام پر شیلنگ کی۔ اس سے قبل صہیونی فوج نے اسی علاقے میں شہر کےاندر دراندازی کی بھی کوشش کی تھی جسے مزاحمت کاروں نے ناکام بنا دیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق صہیونی جنگی طیاروں نے خان یونس میں کئی مقامات پر گولہ باری کی۔ بیشتر گولے گندم اور دیگرفصلوں کے کھیتوں میں گرے جس کے نتیجے میں فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض صہیونی فوج کی بمباری کےدوران مزاحمت کاروں نے بھی جوابی کارروائی کی ہے۔ قبل ازیں کیسوفیم کے مقام سے اسرائیلی فوج کے تیرہ ٹینکوں نے شہر میں گھسنے کی کوشش کی تھی، جسے فلسطینی مجاہدین نے جوابی کارروائی کرکے پسپا کر دیا تھا۔ اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔

