فلسطینی صورتحال پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی داخلی سیکیورٹی تنظیم شن بیت غزہ میں عوام کو فراہم کی جانیوالی حالیہ سہولیات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے لئے جاسوس بھرتی کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ فلسطینی مزاحمت سے غزہ جنگ میں ہتک آمیز شکست کا بدلہ لیا جاسکے۔
المجد سیکیورٹی ویب سائٹ نے ایک سیکیورٹی ماہر کے حوالے سے بتایا کہ "ہم غزہ کے شہریوں کو فراہم کی جانیوالی حالیہ اسرائیلی سہولیات کو انتہائی غور سے ماینیٹر کررہے ہیں اور ہمیں آگاہی ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسیاں کس طرح اپنے شکار ڈھونڈتی ہیں۔ "ویب سائٹ کا کہنا تھا کہ فلسطینی سیکیورٹی ادارے خصوصی طریقہ کار اور حکمت عملی کے تحت معاملات پر نظر رکھ رہے ہیں اور ان تمام سیکیورٹی خدشات کا حل نکالنے کی کوشش کررہے ہیں جن کا غزہ کو سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فلسطینی سیکیورٹی ذرائع نے اسرائیلی شکنجے اور بلیک میلنگ کے سامنے ممکنہ طور پر جھکنے والے فلسطینی کو خبردار کیا اور کہا کہ فلسطینی مزاحمت غزہ میں اسرائیل کی مدد کرنے والے کسی بھی شخص کو سخت سے سخت سزا دے گی۔
ویب سائٹ کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی معاملات کے حالیہ جائزے کے مطابق اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے والوں کی تعداد انتہائی کم رہ گئی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین