(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے پیر کی شام کو ایک فلسطینی دوشیزہ کو حراست میں لیا ہے جن پر الزام لگایا گیا ہے کہ ان کے پاس سے مبینہ طور پر ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے ذرائع کے مطابق نوجوان خاتون نے مبینہ طور پر شہر میں یہودیوں پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق مغربی کنارے سے حاصل ہونے والی معلومات کے تحت بیت المقدس انتفاضہ کے آغاز سے ہی اسرائیلی فوج نے مختلف حیلے بہانوں سے فلسطینیوں کے قتل کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔تنظیم کا کہنا تھا کہ اس کے سامنے چار ایسے کیسز آئے ہیں جن میں فلسطینی شہری اسرائیلی فوجیوں کے سامنے خطرہ نہیں تھے مگر پھر بھی اسرائیلی فوج نے انہیں گولی مار کر شہید کردیا تھا۔
پچھلے سال ماہ اکتوبر سے اب تک 180 سے زیادہ فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے قتل کردیا ہے اور اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ تشدد کی لہر کے تھمنے کا کوئی نام ونشان نظر نہیں آرہا ہے۔