فلسطین کی سب سے بڑی اور منظم مذہبی سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ عالم اسلام اورعرب ممالک میں جمہوریت اور آزادیوں کی آڑ میں انتشار پھیلانے اور افراتفری سے گریز کیا جائے۔
ان کا کہنا ہےکہ جمہوریت اور اصلاحات دونوں سلطانی جمہور کے اس دور کے لیے ضروری ہیں، لیکن یہ ضروریات پوری کرنے کے لیے قوموں کے درمیان افتراق ڈالنا کوئی خوش آئند بات نہیں ہے۔ قوموں کے درمیان اتحاد ضروری ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل نے ان خیالات کا اظہار دینی دعوتی تحریک جماعت اسلامی کے لبنان میں سابق امیر مرحوم الشیخ فیصل المولوی کی برسی کی ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ خالد مشعل نے اپنی تقریر میں فیصل المولوی کی مسئلہ فلسطینی اور فلسطینی قوم کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
خالد مشعل نے اسرائیل کی جیلوں میں زیرحراست فلسطینی شہریوں کی بھوک ہڑتال جاری رہنے پرگہری تشویش کا اظہار کیا اور عالم برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھوک ہڑتالی اسیران کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرے اور صہیونی حکومت پر اسیران کے مسائل کے حل کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وقت فلسطینی اسیران کی ہرممکن مدد اور حمایت کا ہے نہ کہ بھوک ہڑتالی اسیران کے مسائل کو سن کر ان کی بھوک ہڑتال کا تماشا دیکھنے کا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین