نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں قریوت کے مقام پر رومی زیتون کے ایک باغ کو یہودی شرپسندوں نے تیل چھڑک کر آگی لگا دی جس کےنتیجے میں سیکڑوں قیمتی پھل دار درخت جل کر خاکستر ہو گئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہودی توسیع پسندی کے خلاف سرگرم مقامی کمیٹی کے رابطہ کار بشار القریوتی نے بتایا کہ یہودی اشرار نے قریوت کے مغرب میں بطیشہ زرعی فارم میں اتوار کو علی الصباح زیتون کے درختوں پر آتش گیر مادہ چھڑک کرآگ لگا دی جس کے نتیجے میں سیکڑوں قیمتی درخت جل کر خاکستر ہو گئے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یہودی شرپسندوں کے حملے میں جل کر راکھ ہونے والے درختوں میں کئی صدیوں پرانے پھل دار درخت بھی شامل ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ نابلس میں یہودی شرپسندوں نے زیتون کے باغ کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ آئے روز قریبی یہودی کالونیوں سے شرپسندوں کے مسلح عناصر فلسطینی آبادی میں گھس کر ان کی املاک کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ فلسطینیوں کی گاڑیوں اور گھروں پر سنگ باری کی جاتی ہے۔