رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کی جانب سے رواں سال منظور کردہ نام نہاد ’یہودی قومیت‘ کے قانون کے خلاف کل سوموار کو مقبوضہ مغربی کنارے اور اندرون فلسطین میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کے موقع پرتعلیمی اور کاروباری ادارے بند رہے اور سڑکوں پر ٹریک نہ ہونے کے برابر تھی۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے چند ماہ قبل ایک نیا قانون منظور کیا تھا جس کے تحت صہیونی ریاست کو پوری دنیا کے یہودیوں کا ‘قومی وطن‘ قرار دیا گیا تھا۔ فلسطینی عوام اور عالمی سطح پر اسرائیل کے اس متنازع قانون کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دریائے اردن کے مغربی کنارے ، شمالی اور جنوبی فلسطینی علاقوں میں بھی ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی جب کہ کاروباری طبقے نے بھی ہڑتال میں بھرپور ساتھ دیا۔ اسکول، جامعات اور دیگر پبلک ادارے بند رہے۔
ناقدین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ ’یہودی قومیت‘ کا قانون صیہونی ریاست کو نسل پرست بنانے کی طرف ایک نئی پیش رفت ثابت ہوگا اور اس قانون پر عمل داری سے اسرائیل میں آباد غیر یہودی اقوام کے بنیادی حقوق پامال کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
تاہم اسرائیلی حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ موجودہ اسرائیلی تشخص کو بحال کرنے کے لیے اس قانون کی منظوری تک پہنچی۔ البتہ ناقدین اسے عرب اقلیت کے خلاف نسل پرستی اور جمہوری اقدار کی نفی کا قانون قرار دیتے ہیں۔