(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں یتسھار کالونی کے مرکزی چوک پر ایک معذور فلسطینی پر انتہا پسند یہودیوں نے وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
رپورٹ میں ہلال احمر فلسطین کے حوالے سے بتایا کہ جمعہ کے روز یتسھار کالونی کے مرکزی چوک پر یہودی غنڈوں کے ایک گروپ نے جسمانی طورپر معذور فلسطینی حسن القاضی پروحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا ہے۔ ہلال احمر کا کہنا ہے کہ زخمی معذور نوجوان کو رفیدیا اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔ حسن القاضی کا تعلق نابلس کے عورتا قصبے سے ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہودی شرپسندوں نے معذور فلسطینی کو اسرائیلی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں تشدد کا نشانہ بنایا۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ حسن القاضی جسمانی معذور ہونے کے ساتھ ساتھ نفسیاتی اور ذہنی عوارض کا بھی شکار ہے۔
