اسرائیلی ریڈیو رپورٹ کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ نے مغربی بیت المقدس میں شاہراہ یافا پرایک فلسطینی شہری کی دکان پر حملہ کیا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا۔ بعد ازاں رات گئے یہودی آباد کاروں نے دکان کی بیرونی دیواروں پر فلسطینیوں کے خلاف نفرت انگیز نعرے بھی تحریر کر دیے تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس ملزمان کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملزمان کو جلد ہی حراست میں لیے جانے کے بعد ان کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کی املاک پر یہودی آباد کاروں کے حملے روز کا معمول ہیں۔ اسرائیلی پولیس بھی حسب معمول متاثرہ فلسطینی شہریوں کو طفل تسلیاں دیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور ان کے خلاف کارروائی کی یقین دہانیاں کراتی رہتی ہے لیکن عملا انتہا پسند یہودیوں کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا جاتا۔ اسرائیلی پولیس کے اس دوغلے پن کے نتیجے میں شرپسند یہودیوں کی مزید حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
