رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں صیہونی ریاست کی طرف سے تعمیر کی گئی دیوار فاصل (نسلی امتیاز کی علامت دیوار) اور صیہونی آباد کاری کے خلاف فلسطینیوں نے ہفتہ وار احتجاجی مظاہرے کیے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں بعلین ، نعلین اور قلقیلیہ میں کفرقدوم کے مقامات پر دیوار فاصل کے خلاف سیکڑوں فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ فلسطینی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر دیوار فاصل گرانے اور صیہونی آباد کاری اور توسیع پسندی کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔فلسطینیوں نے دیوار فاصل کے خلاف شدید نعرے بازی کی جب کہ مقررین نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ غرب اردن میں صیہونی نسلی دیوار کے خلاف فلسطینی قوم کا ساتھ دے۔
مظاہرین نے اسرائیلی کنیسٹ سے حال ہی میں منظور کردہ نام نہاد یہودی قومیت کے قانون کی بھی شدید مذمت کی اور اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔