مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ کنسٹ نے مقبوضہ فلسطین میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر جاری رکھنے پر تاکید کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ریڈیو اسرائیل نے رپورٹ دی ہے کہ کنسٹ کی سیکورٹی اور خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ آوی دیختر نے غرب اردن اور مقبوضہ قدس میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر روکے جانے کو وقت کا ضیاع قرار دیا اور کہا کہ یہ معاملہ ہمیشہ کے لئے ختم ہوجانا چاہئے اور قدس میں کالونیوں کی تعمیر جاری رہنا چاہئے۔ درایں اثنا مقبوضہ قدس کی بلدیہ نے صیہونی پارلیمنٹ کے بعض ممبران کے مطالبے کے بعد قدس میں صیہونی کالونیوں میں مزید اکہتر سو رہائشی کامپلیکس تعمیر کرنے کے پروجیکٹ پر عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔فلسطینی علاقوں میں صیہونی کالونیوں کی تعمیر صیہونی حکومت کی بنیادی پالیسی ہے اور اس کا مقصد مقبوضہ زمینوں پر صیہونی حکومت کا تسلط مضبوط بنانا ہے۔ صیہونی حکومت، فلسطینی علاقوں میں صیہونی کالونیاں تعمیر کرکے فلسطین کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتی ہے۔
