فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الشیخ عزام الخطیب نے ایک مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں پر ذلت آمیز پابندیاں عائد کرکے انہیں اپنے سامنے جھکنے پر مجبور کررہا ہے۔ فلسطینی قوم اللہ کے سوا کسی کے سامنے سرنہیں جھکائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے حوالے سے جتنی پابندیاں عائد کی Â ہیں انہیں پاؤں کی ٹھوکر پر رکھتے ہیں۔ فلسطینی قوم توہین آمیز انداز میں قبلہ اوّل میں نہیں جائے گی۔ مسجد اقصیٰ پر صہیونیوں کا کوئی حق نہیں۔ یہ مسلمانوں کا پہلا قبلہ اور دنیا میں تیسرا مقدس ترین مقام ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں ایک فدائی حملے میں دو اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد مسجد میں نماز اور اذان پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کو داخل ہونے سے روک دیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے قبلہ اوّل کے داخلی راستوں پر میٹل ڈیٹکٹر نصب کیے ہیں اور فلسطینیوں کو ان الیکٹرانک دروازوں سے گذرنے پرمجبور کیا جا رہا ہے تاہم فلسطینی شہریوں اور محکمہ اوقاف نے اسرائیلی پابندیوں کو مسترد کردیا ہے۔
