مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مسجد الاقصی کے اطراف میں غیرقانونی کھدائی کی وجہ سے اب کئی محلے زمین بوس ہورہے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مسجد الاقصی کے مضافات میں صہیونی حکومت کی غیرقانونی کھدائیوں کی وجہ سے بیت المقدس کے کئی محلے نابودی کے دھانے پرہیں۔مسجد الاقصی کے مضافات میں کھدائی کی وجہ سے آج اتوار کو مسجد کے جنوبی حصے کا محلہ حوش بیضون میں زمین سرک گئی ہے اور محلے میں موجود عمارتوں کے دھنسنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
سلوان نامی علاقے کی کئی سڑکیں خاص کر (حی وادی حلوہ) نامی شاہراہ پر صہیونی حکومت کی غیر قانونی کھدائی سے ہر سال کہیں نہ کہیں زمین دھنس جاتی ہے۔
واضح رہے کہ مسجد الاقصی کے اطراف کھدائی کے علاوہ کئی سرنگیں بھی بنائی گئی ہیں جس کی وجہ سے مسجد کی دیوار گرنے کا خطرہ بھی بدستور موجود ہے۔
یاد رہے کہ صہیونی حکومت نے مختلف بہانوں سے مسجد الاقصی کے اطراف میں کھدائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جو کسی بھی وقت ایک بڑے حادثے کا سبب بن سکتاہے۔