فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لبنان کے صدر مقام بیروت سے جاری ایک متفقہ بیان میں حماس اور اسلامی جہاد نے واضح کیا کہ فرانس کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے جو فارمولہ پیش کیا گیا ہے اس میں فلسطینیوں کے حقوق کی نفی کی گئی ہے۔ حماس اور اسلامی جہاد اس فارمولے کو مسترد کرتی ہیں۔
بیان میں اندرون فلسطین اور بیرون ملک موجود فلسطینی قوتوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرتےہوئے قوم کےدیرینہ حقوق اور مطالبات کے لیے یکساں موقف اختیار کریں اور عالمی برادری کے سامنے مسئلہ فلسطین کو اس کی اصل شکل میں اٹھائیں۔
قبل ازیں حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے بیروت میں اسلامی جہاد کے رہنما ڈاکٹر رمضان عبداللہ شلح سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کے سرکردہ رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت حال، اسرائیل کے خلاف جاری فلسطینی تحریک انتفاضہ، غزہ کی ناکہ بندی اور اس کے اٹھائے جانے کے حوالے سے عالمی سطح پر جاری مساعی سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فرانس کی میزبانی میں پیرس میں مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے عالمی امن کانفرنس منعقد ہوئی تھی جس میں 30 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ اس موقع پر فرانس میں فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل پر تعطل کا شکار مذاکرات بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔