(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی جیل میں قید ایک سرکردہ فلسطینی سیاسی رہنما اور تحریک فتح کے مرکزی لیڈر مروان البرغوثی نے تمام قومی قوتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فروعی اور جماعتی اختلافات سے بالا تر ہو کر قومی وحدت اور یکجہتی کے لیے کوششیں تیز کریں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مروان البرغوثی نے ان خیالات کا اظہار اسرائیلی کنیسٹ کے عرب رکن پارلیمنٹ جمال زحالقہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ جمال زحالقہ نے گذشتہ روز اسرائیل کی ’جلبوع‘ جیل میں قید فلسطینی رہنما سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر لیجنڈ فلسطینی لیڈر نے فلسطینی سیاسی قوتوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ تمام قوتیں ملک وقوم کے مفاد کے لیے آپس میں متحد ہو جائیں اور مل کر وطن عزیز کی غاصب صہیونیوں کے قبضے سے آزادی کے لیے جدوجہد کریں۔جیل میں جمال زحالقہ کی مروان البرغوثی کے ساتھ ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران فلسطین کی موجودہ صورت حال، اسرائیلی مظالم اور فلسطینیوں کی جانب سے جاری انفرادی مزاحمتی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ مروان البرغوثی تحریک فتح کے مرکزی رہنما اور فلسطینی پارلیمنٹ کے منتخب رکن ہیں۔ انہیں اسرائیلی فوج نے کئی سال قبل حراست میں لیا تھا۔ اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کی پاداش میں انہیں عمر قید کی سزا کا سامنا ہے۔