غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں متعین ترکی کے نئے سفیر گوگان تورک اوگلو نے کل منگل کو جنگ زدہ محصور فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ترکی کے تعاون سے جاری ترقیاتی اور بحالی کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تورک اوگلو کو پچھلے ماہ فلسطین میں سفیر مقرر کیا گیا تھا۔ فلسطین میں بہ طور سیفیر تعیناتی کے بعد یہ ان کا غزہ کا پہلا دورہ ہے۔ترک سفیر نے غزہ کی پٹی میں فلسطین، ترکی فرینڈ شپ اسپتال کا بھی دورہ کیا۔ یہ اسپتال ترکی کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر انہو نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ترکی غزہ کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے اپنے فیصلے پر قائم رہے گا۔ بعد ازاں انہوں نے ترکی کے دارے ’تعاون وکورآرڈینیشن ریلیف ایجنسی’تیکا‘ کے تعاون سے شروع کیے ایک رہائشی منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔
خیال رہے کہ تیکا نے 23 مارچ 2016 کو غزہ کی پٹی میں 320 مکانات کی تعمیر کے ایک منصوبے پر کام شروع کیا تھا۔ یہ مکانات سنہ 2014ء کو غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ کے دوران گھروں سے محروم ہونے والے شہریوں کے لیے بنائے جا رہے ہیں۔