فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف فلسطینیوں کے احتجاجی مظاہرے کے دوران ایک کم سن بچی کا صہیونی فوجی کے سامنے اپنا ’’ننھا مکا‘‘ لہرا کر جرات کے مظاہرے کی یاد گار تصویر سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر بڑے پیمانے پر پھیلائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب دشمن کے فوجی کے سامنے بلا خوف وخطر مکا لہرانے والی ننھی عہد تمیمی کو ترکی کی ایک دیہی کونسل کی جانب سے تمغہ جرات دیا گیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عہد تمیمی رواں سال اگست میں مغربی کنارے میں اپنی والدہ اور ہمشیرہ کے ہمراہ ایک پرامن احتجاجی مظاہرے میں شریک تھی۔ اس دوران صہیونی فوجیوں نے جلوس کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج شروع کیا۔ ایک اسرائیلی فوجی عہد تمیمی کے پاس آیا تو اس نے اپنا ننھا مکا دکھا کر صہیونی فوجی کو اپنی معصوم جرات دکھائی تھی۔ یہ تصویر ذرائع ابلاغ کے ذریعے تیزی سے پھیلنا شروع ہوئی اورآج سوشل میڈیا کی ایک مقبول تصویر سمجھی جا رہی ہے۔عہد تمیمی کو اس کی جرات کے اظہار کی اعزاز میں استنبول کی بشک شہر ضلعی کونسل کی جانب سے خنظلہ تمغہ جرات دیا گیا ہے۔ تمغہ وصول کرنے کے لیے عہد اپنے والدین کے ہمراہ ترکی پہنچی جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے پر عہد تمیمی نے اپنی ترکی آمد کو باعث سعادت قرار دیا اور ترکی میں رہنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پراس کے ہم عمرسیکڑوں بچے ہوائی اڈے پر تمیمی کے استقبال کے لیے جمع تھے جنہوں نے عہد تمیمی زندہ باد کے نعرے لگائے اور ننھی مہمان کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ عہد تمیمی کی والدہ ناریمان التمیمی بھی ایک خاتون سماجی رہ نما ہیں۔ وہ اگست میں مغربی کنارے میں رام اللہ شہرکے نواحی علاقے النبی صالح میں یہودی توسیع پسندی کے خلاف ایک ہفتہ وار احتجاجی مظاہرے میں اپنےبچوں کے ہمراہ شریک تھی جب صہیونی فوجیوں نے اس سمیت کئی دوسری خواتین کو وحشیانہ تشدد کا بھی نشانہ بنایا تھا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
