(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے بیت لحم میں ہفتے کے روز اسرائیلی فوج کی ایک جیپ الٹنے سے کم سے کم دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔ الخلیل میں ایک دوسرے واقعے میں بھی متعدد صہیونی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بیت لحم میں اسرائیلی فوجیوں کی ایک جیپ الٹنے سے ایک خاتون اور ایک مرد فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی فوجیوں کو ہیلی کاپٹرکی مدد سے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق فوجی جیپ کو حاثہ بیت لحم کے نواحی علاقے حوسان میں پیش آیا، زخمی ہونے والی خاتون فوجی اہلکار کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی الخلیل میں السموع کے مقام پر ایک فلسطینی نوجوان نے اپنی کار کی ٹکر سے متعدد اسرائیلی فوجیوں کو زخمی کردیا۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی شہری نے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے اپنی کار سڑک کے کنارے کھڑے اسرائیلی فوجیوں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں متعدد فوجی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوجیوں نے حملہ آور پر فائرنگ کی تاہم وہ فرار میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرےمیں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔